کنداپور 2/ نومبر (ایس او نیوز) پولیس نے سداپور سے تعلق رکھنے والے اور کنداپور کے پرائیویٹ کالج میں زیر تعلیم ششانک شیٹی (21 سال) کے اغوا کا معاملہ شکایت درج ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر حل کرلیا اور مغویہ طالب علم کو رہائی دلانے کے ساتھ اغوا کارکو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاع کے مطابق 31 اکتوبر کو ششانک صبح 8.30 بجے کالج کے لئے نکلا تھا ۔ 9.30 بجے اس نے اپنے والد گووندا شیٹی کو فون کرکے بتایا کہ کچھ انجان لوگوں نے کوسٹل کراون مال کوٹیشور کے قریب ایک کارکے ذریعے اس کا اغوا کیا ہے اور 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ پھر اغواکاروں نے بھی ششانک کے والد سے فون پر بات کرتے ہوئے تاوان کا مطالبہ رکھا۔
جب دو دن تک ششانک واپس نہیں لوٹا تو اس کی والدہ نے یکم نومبر کی شام کو کنداپور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔ پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور ہبلی کے رہنے والے کرن کو کوشتگی میں گرفتار کرتے ہوئے ششانک کو رہائی دلائی
کہا جاتا ہے کہ ششانک اور اغواکار کرن کے درمیان کوئی مالی لین دین تھا جس کی وجہ سے اغوا کی واردات انجام دی گئی تھی ۔ پولیس تحقیقات کے بعد اصل معاملہ کی تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے ۔